چین کو دیسی جڑی بوٹیوں کی برآمد بڑی پیشرفت ہے ‘ نجم مزاری

دنیا میں آرگینک خوراک کے بڑھتے رجحان پر بھی توجہ مرکوز کی جائے

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 18:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے چین کو دیسی جڑی بوٹیوں کی برآمد کو بڑی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سے ایک بار پھر اپیل کرتے ہیں کہ نایاب جڑی بوٹیوں، آرگینک خوراک اور مصنوعات کی وسیع پیمانے پر برآمدات کیلئے جامع پالیسی کی تشکیل ،لیبارٹریزکے قیام اورسرٹیفکیشن کیلئے معاونت فراہم کرے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایک کمپنی نے حال میں چین اور متحدہ عرب امارات سے آرگینک میٹ کی برآمد کے لاکھوں ڈالر مالیت کے کنفرم آرڈر حاصل کئے ہیں ، وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ ملائیشیاء میں بھی پاکستان سے 20کروڑ ڈالر مالیت کے گوشت کی برآمدبارے بھی بات چیت کی گئی ہے جو انتہائی خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کو دنیا میں آرگینک خوراک کے بڑھتے رجحان پر توجہ مرکوز کر کے عالمی مارکیٹ میں اپنے حصے کی وصولی کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ کئی مہینوں سے آرگینک خوراک ، مصنوعات اور نایاب جڑی بوٹیوں کی بر آمدات کے لئے مطلوبہ معیارات کے حصول کے لئے مطالبات پیش کر رہے ہیں لیکن ابھی تک حکومتی سطح پر ان مطالبات کو زیر غور نہیں لایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف متحرک وزیر اعلیٰ ہیں اور ہم پر امید ہیں کہ وہ صوبے کی سطح پر بھی ہماری گزارشات کو سنیں گی اورصوبے کی سطح پر آرگینک زراعت کے فروغ اور برآمدات کے لئے حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کریں گی ۔