پاکستان، سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے نئے افق کھل رہے ہیں۔ سردار طاہر محمود

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 23:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے کئی دہائیوں پر محیط اسٹریٹجک بھائی چارے کو مستقبل کے حوالے سے اقتصادی شراکت داری میں بدل دیا ہے، جس سے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے نئے افق کھل رہے ہیں۔

ہفتہ کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد بن سعد آل سعود کی قیادت میں سعودی وفد کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعاون کو تجارت، زراعت، تعمیرات، فوڈ سیکورٹی، ریسرچ سیکٹر میں مضبوط مشترکہ منصوبوں میں تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت اور نجی شعبے نے پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی، میٹ پروسیسنگ، زراعت، تعمیرات اور فارماسیوٹیکلز میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کے صدر نے اس دورے کو اسلام آباد اور ریاض کے درمیان وسیع تر سفارتی اور اقتصادی بحالی کا حصہ قرار دیا ہے۔مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے سردار طاہر محمود نے کہا کہ ملک کے پریمیئر چیمبر کے طور پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دوست ممالک کے ساتھ گہرے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دے کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے خاص طور پر جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نہ صرف اسلام آباد بلکہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں میں بھی صنعتی نمائشوں اور کاروباری مواقع ایوارڈز کا انعقاد کرے گا جس کا مقصد پاکستان کی صنعتی طاقت کو پیش کرنا، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان پائیدار کاروباری روابط استوار کرنا ہے۔