آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے سلسلے میں قومی خواتین ٹیم نے کولمبو کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 23:17

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے سلسلے میں قومی خواتین ٹیم نے کولمبو کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تین گھنٹے جاری رہنے والے اس پریکٹس سیشن میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی خصوصی مشقیں کیں۔ ٹریننگ سیشن کی نگرانی ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کی جنہوں نے کھلاڑیوں کو مختلف تکنیکی پہلوؤں پر رہنمائی فراہم کی۔

(جاری ہے)

نیٹ سیشن سے قبل خواتین کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کے ذریعے اپنی فٹنس پر بھی کام کیا۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس دونوں تسلی بخش ہیں اور ٹیم آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ایونٹ میں چار میچز باقی ہیں۔ پاکستان ٹیم اپنا چوتھا میچ 15 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ پانچواں میچ 18 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہو گا۔ ٹیم 21 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے مقابل میدان میں اترے گی اور 24 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف اپنا ساتواں اور آخری میچ کھیلے گی۔