راجن پور،ڈاکوؤں کا پولیس وین پر حملہ، ایک کانسٹیبل شہیداور 2 زخمی

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:10

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) راجن پور میں تھانہ بنگلہ اچھا کی حدود میں کچہ کے ڈاکوئوں نے پولیس وین پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل شہید اور دو زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او راجن پور فاروق امجد نے قومی خبررساں ادارے کوبتایا کہ تھانہ بنگلہ اچھا کی حدود میں گشت پر معمور پولیس وین پر کچہ کے ڈاکوؤں نے حملہ کیا جس کے نتیجہ میں فرائض کی ادائیگی کے دوران ایلیٹ فورس کا اہلکار ناصر میرانی شہید ہوگیا، جبکہ ڈرائیور کانسٹیبل محمود اور ایلیٹ فورس کا کانسٹیبل ثناء اللہ شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ میں پولیس کی بھاری نفری کیساتھ موقع پہ پہنچ گیاہوں، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، بھاری نفری کیساتھ مربوط حکمت عملی کے تحت ڈاکوؤں کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ جلد اہم کامیابی سے ہمکنار ہونگے۔