پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کی پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے ملاقات

اتوار 12 اکتوبر 2025 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) پاکستان رومانیہ بزنس کونسل (پی آر بی سی) کے چیئرمین سہیل شمیم فِرپو اور ایڈوائزر و چیف آپریٹنگ آفیسر عاطف فاروقی نے پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PCJCCI) کی ٹیم سے ملاقات کی، جس کا مقصد تعاون اور باہمی ترقی کے مواقع کا جائزہ لینا تھا۔پی سی جے سی سی آئی کی جانب سے سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف اور سینئر نائب صدر بریگیڈیئر (ر) منصور نے ملاقات میں شرکت کی۔

یہ اجلاس دونوں اداروں کے درمیان موجود مفاہمتی یادداشت کی بنیاد پر منعقد ہوا تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے اور بین البراعظمی تجارت کے نئے امکانات تلاش کیے جائیں۔گفتگو کا محور چین جیسے دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں میں سے ایک کے وسیع مارکیٹ پوٹینشل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان، رومانیہ اور چین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

پی سی جے سی سی آئی کے قانونی مشیر بیرسٹر میاں ظفر اقبال کلانوری بھی اجلاس میں موجود تھے اور انہوں نے دوطرفہ کاروباری معاملات سے متعلق قانونی و ریگولیٹری فریم ورک پر روشنی ڈالی۔پی سی جے سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے عاطف فاروقی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم عاطف فاروقی، ایڈوائزر و سی او او پی آر بی سی، اور پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایڈوائزر کی خدمات کو سراہتے ہیں، جنہوں نے چین کو پاکستان رومانیہ دوطرفہ تجارت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کی مہارت اور لگن عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہےاور ہمیں یقین ہے کہ ہماری مشترکہ کاوشیں بین البراعظمی تجارت کے نئے راستے کھولیں گی جو بالآخر ہمارے ممالک کی معاشی ترقی اور استحکام میں مددگار ثابت ہوں گی۔