افغانستان کی جانب سے پاکستانی پوسٹوں پر فائرنگ، غیور قبائل کاافواج پاکستان کیساتھ کھڑے ہونے کا عزم

اتوار 12 اکتوبر 2025 02:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) افغانستان کی جانب سے پاکستانی پوسٹوں پر فائرنگ، غیور قبائل نےافواج پاکستان کیساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سرحدی علاقوں میں چھ مختلف فوجی پوسٹوں پر افغان فوجیوں نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی مدد سے بلا اشتعال فائرنگ کی۔افغان عبوری حکومت کا رویہ باور کرتا ہے وہ بھارت اور فتنہ الخوارج کی سہولت کار بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

بارڈر پر موجود غیور قبائل نے افغانیوں کو دو ٹوک پیغام میں کہا کہ ہم افغانستان کی طرف سے بارڈر پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انشاللہ اپنی افواج کے ساتھ مل کر اپنے وطن کا دفاع کریں گے۔غیور قبائل نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے ایک طویل عرصے تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی کیا اس کا آج یہ صلہ دیا جا رہا ہے،ہم مل کر افغانیوں کو سبق سکھائیں گے یہ وطن ہمارا ہے اور اس کا دفاع ہمارا فرض ہے،پاکستان کی افواج ہمارے ماتھے کا جھومر اور اس کے شہداء ہمارا فخر ہیں،افغان مہمان بن کر آئینگے تو سر پر بٹھائیں گے، دشمن اور حملہ آور بن کر آئیں گے تو جواب گولی سے دیا جائیگا۔