پاک فوج نے افغان فورسز کو بھرپور جواب دیا، کشمیری عوام شانہ بشانہ کھڑے ہیں سمعیہ ساجد

پاک فوج کا ہر سپاہی ملک کے دفاع کے لیے جان ہتھیلی پر رکھ کر کھڑا ہے، اور قوم ان پر فخر کرتی ہے

اتوار 12 اکتوبر 2025 13:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) مرکزی چیئرپرسن خواتین ونگ و چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم(کواف) سمعیہ ساجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے افغان فورسز کی اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے، جس پر پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام افغان فورسز کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیںاور دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

سمعیہ ساجد نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان ایک مضبوط، متحد اور باوقار ملک ہے جس کی افواج دنیا کی بہترین فورسز میں شمار ہوتی ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے عسکری اداروں کے ساتھ چٹان کی طرح مضبوطی سے کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

کوئی بھی طاقت پاکستانی عوام کے جذبہ ایمان، اتحاد اور قربانی کو کمزور نہیں کر سکتی۔

سمعیہ ساجد نے کہا کہ افغان سرحدی جارحیت کا جواب دینے میں پاک فوج نے جس پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت ردِعمل کا مظاہرہ کیا، وہ قوم کے اعتماد میں مزید اضافہ کا باعث بنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری قوم ایک صف میں کھڑی ہے، اور کسی بھی جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاک فوج کا ہر سپاہی ملک کے دفاع کے لیے جان ہتھیلی پر رکھ کر کھڑا ہے، اور قوم ان پر فخر کرتی ہے۔