راولپنڈی شہر کی متعدد شاہراہوں کو جزوی طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

اتوار 12 اکتوبر 2025 15:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) راولپنڈی شہر کی متعدد شاہراہوں کو جزوی طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق فیض آباد کے مقام پر ٹریفک بدستور بند ہے تاہم مری روڈ پر تمام مقامات پر گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ مال روڈ اور پشاور روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی برقرار ہے جبکہ کھنہ پل اور کری روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

اسی طرح جہلم روڈ، کچہری چوک اور سواں پل پر بھی گاڑیاں رواں دواں ہیں۔

(جاری ہے)

اولڈ ایئرپورٹ روڈ کے دونوں اطراف، اڈیالہ روڈ، کلمہ چوک اور چکری روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت معمول کے مطابق ہے جبکہ چکری انٹرچینج، فتح جنگ ٹول پلازہ اور ٹھلیاں انٹرچینج کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں چونگی نمبر 26 اور ٹی چوک روات پر بھی ٹریفک رواں دواں ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی کی تمام تحصیلوں میں ٹریفک کی صورتحال تسلی بخش ہے اور شہریوں کو درپیش مشکلات میں واضح کمی آئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دوران سفر ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور کسی بھی معلومات یا رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔