فالکن،بٹیراور تیتر کے غیر قانونی شکار پر 18 افراد گرفتار

اتوار 12 اکتوبر 2025 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات ،جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی زیر قیادت صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار اوراسمگلنگ کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ،تفصیل کے مطابق وائلڈلائف رینجرزنے اوکاڑہ،جھنگ،خانیوال،ملتان،سرگودھا ، ڈی جی خان،راجن پور اور اٹک سے18 شکاریگرفتار کرکے ان کے قبضہ سے80 بٹیراور16 نیٹنگ گئیرز ضبط کر کے تمام پرندوں کو قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا ،شکاریوں کو 6لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دیگرکیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی یے۔

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھا ریجن نعیم طاہر کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجر ز سرگودھا نے فالکن کے 3شکاری گرفتار کرکے انکے قبضہ سے جال ،کبوتراوردوگزہ تحویل میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ڈی جی خان ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز تونسہ نے بروقت کارروائی کرکے 80 بٹیر برآمد کر کے قدرتی ماحول میں آزاد کر دئیے،مظفرگڑھ،ڈی جی خان اور راجن پور سے فالکن اور بٹیر کے 7نیٹنگ گئیر ز ضبط کرکے 9شکاریوں کا چالان کیا اور 3کیسوں میں 1لاکھ،95ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔

اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر اٹک شاہزیب خورشید نے تیتر کے 4غیر قانونی شکاری گرفتار کر کے انہیں 2لاکھ،50ہزار جرمانہ کیا،اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر جھنگ عبداللہ بلال نے بٹیر کے 3نیٹنگ گئیر ز ضبط کرکے شکاری کو 30ہزار جرمانہ کیا جبکہ فالکن کے شکاریوں کی متعدد کمین گاہیں مسمار کیں،اسیطرح اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر اوکاڑہ محمد سرفراز نے بٹیر کے 2نیٹنگ گئیر ز ضبط کر کے کارروائی شروع کردی ، ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجرز ملتان ریجن ڈاکٹر غلام رسول کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز ملتان اور خانیوال نے فالکن اور بٹیر کے 4غیر قانونی نیٹنگ گئیر ز ضبط کرکے شکاریوںکے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔