گزشتہ ماہ میں پاکستان ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے محکمہ زراعت سندھ میں500 فیلڈ اسسٹنٹ بھرتی کے تحریری امتحان منسوخ کردیئے گئے

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) گزشتہ ماہ21 ستمبرکو پاکستان ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے لئے گئے محکمہ زراعت سندھ میں500 فیلڈ اسسٹنٹ بھرتی کے لیے تحریری امتحان منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ایکسٹینشن سندھ نے سیکرٹری ایگریکلچر کو رپورٹ جمع کرادی ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹیسٹنگ سروس پر امتحانی عمل میں شفافیت کی خلاف ورزیوں کے الزامات امیدواروں کو کاربن کاپی فراہم نہ کرنے سے شفافیت مشکوک ہوئی ۔

(جاری ہے)

امتحان کے اختتام پر جوابات ’’کی‘‘ بھی فراہم نہیں کی گئی۔سوالات مقررہ نصاب سے ہٹ کر اور غیر معیاری قرار دیئے گئے جبکہ نااہل امیدواروں کو بھی امتحان میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق پیپرز کی تصاویر واٹس ایپ پر شیئر ہونے کی رپورٹس ملیں ،امتحان کے دوران موبائل فونز کے استعمال کے شواہد سامنے آئے ۔پی ٹی ایس حکام پر مبینہ رشوت کے الزامات بھی سامنے آئے ۔رپورٹ میں پی ٹی ایس کا امتحان منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ۔ڈی جی کی سفارش پر پی ٹی ایس کا امتحان منسوخ کردیا گیا۔