ضلع راولپنڈی میں انسدادِ پولیو مہم کل (پیر) سے شروع ہوگی

اتوار 12 اکتوبر 2025 19:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) ضلع راولپنڈی میں پولیو کے خاتمے کے لیے سال 2025 کی چوتھی قومی انسدادِ پولیو مہم 13 اکتوبر (بروز پیر) سے شروع ہوگی جو چار روز تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً دس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم میں دس ہزار سے زائد پولیو ورکرز اور سپروائزرز حصہ لیں گے جو گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گے۔

محکمہ صحت راولپنڈی کے مطابق تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی نے کہا کہ پولیو وائرس اب بھی ہمارے لیے ایک خطرہ ہے لیکن مسلسل ویکسینیشن، ٹیموں کی محنت اور عوامی تعاون سے ہم اس وائرس کو ہمیشہ کے لیے ختم کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں پولیو ٹیمیں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں ہیں تاکہ ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچائی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وائرس اب بھی گردش میں ہے اس لیے عوام کو مزید محتاط رہنے اور پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر احسان غنی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ پولیو ویکسین دنیا کی سب سے محفوظ اور مؤثر ویکسین ہے جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچاتی ہے۔

ان کے مطابق ہر خوراک بچے کے تحفظ کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے مہم میں حصہ لینے والے پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارکن سخت موسمی حالات کے باوجود ہر دروازے تک پہنچ کر قوم کے مستقبل کو محفوظ بنا رہے ہیں۔ ڈاکٹر احسان غنی نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے عوامی تعاون سب سے اہم ہے ،اگر ہر والدین اپنے بچوں کو قطرے پلائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تو ہم بہت جلد پولیو سے مکمل نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راولپنڈی پولیو فری پاکستان کے ہدف کے حصول میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔