چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی افغان اشتعال انگیزی کی شدید مذمت ، پاک افواج کو بھرپور خراجِ تحسین

اتوار 12 اکتوبر 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی اور شہری آبادی پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اتوار کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور جارحیت نہ صرف علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے بلکہ دو ہمسایہ ممالک کے مابین اعتماد کے ماحول کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جس نے ہمیشہ امن، باہمی احترام اور ہمسائیگی کے اصولوں کو مقدم رکھا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان کی حمایت کی ہے اور یہ موقف آئندہ بھی برقرار رہے گا۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر پاک افواج کے پیشہ ورانہ ردِعمل اور سرحدی خلاف ورزیوں کے مقابلے میں بھرپور دفاعی صلاحیت پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پاک افواج ہر لمحہ تیار ہیں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے واضح کیا کہ پوری قوم پاک افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور پاکستان کی سالمیت و خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے، سرحدی خلاف ورزیاں ناقابلِ برداشت ہیں اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے سے چالیس لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، جو پاکستان کے پرامن اور انسان دوست کردار کا ثبوت ہے۔

تاہم افسوس کا مقام ہے کہ افغان سرزمین کو مسلسل پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور تخریب کاری میں استعمال کیا جا رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ تمام ممالک باہمی احترام، غیر مداخلت اور سفارتی تعاون کے اصولوں پر کاربند رہیں۔ پاکستان اپنے عوام اور سرزمین کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی جارحانہ اقدام کو مؤثر جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی موجودگی میں کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ قوم اپنے دفاعی اداروں پر فخر کرتی ہے اور متحد ہو کر وطنِ عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور عزت کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔