وفاقی وزیر حنیف عباسی کا وطن عزیز کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت

اتوار 12 اکتوبر 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے وطنِ عزیز کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 23 بہادر شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔اتوار کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے شہداء کی جرات اور قربانیوں پر گہری عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اُن 23 شہداء کی ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایسے جری بیٹوں کو جنم دیا۔

ہمارے ہیروز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گااور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔حنیف عباسی نے پاکستان آرمی کی جانب سے 200 سے زائد دہشت گردوں کے خاتمے کو سراہتے ہوئے اسے فوج کے عزم اور بہادری کا ثبوت قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری فوج کے بہادر سپاہی دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پوری قوم ان کی جرات اور قربانیوں کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوم کی جانب سے ایک بار پھر فیلڈ مارشل کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے ہماری تاریخ میں بہادری اور حوصلے کا ایک نیا باب رقم کیا ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔