پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری ہماری ریڈ لائن ، کسی کو بھی پاک سرزمین کی حرمت کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،حاجی علی مددجتک

اتوار 12 اکتوبر 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے پاک فوج کی ملکی سالمیت اور دفاع کے لیے کی گئی موثر کارروائی پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاک سرزمین کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے دے۔

پاکستان کی بہادر افواج اور عوام ہر محاذ پر ملکی دفاع کے لیے سینہ سپر ہیں اور کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ایک اچھے ہمسائے کا کردار ادا کرے یا دوسروں کا آلہ کار بننے کا راستہ اختیار کرے۔

(جاری ہے)

پاکستان ہمیشہ خطے میں دیرپا امن کا خواہاں رہا ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ کسی بھی ہمسایہ ملک کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے امن و استحکام کے لیے تمام ہمسایہ ممالک کو اپنی ذمہ داریوں کا تعین کرنا ہوگا تاکہ امن و ترقی کا سفر آگے بڑھ سکے۔آخر میں حاجی علی مدد جتک نے واضح کیا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری ہماری ریڈ لائن ہے، کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ پاک سرزمین کی حرمت کو پامال کرے۔