پولیو کا خاتمہ صرف حکومت کا نہیں پوری قوم کا مشن ہے،ڈی ایچ او سیالکوٹ

پیر 13 اکتوبر 2025 12:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سیالکوٹ ڈاکٹر احمد ناصر نےکہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ صرف حکومت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مشن ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نےلاری اڈہ سیالکوٹ میں قائم موبائل ویکسی نیشن کیمپ کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں پولیو کے خاتمہ کے لیے دن رات کوشاں ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔

لاری اڈہ جیسے مصروف عوامی مقامات پر موبائل کیمپ قائم کرنے کا مقصد ان بچوں تک رسائی حاصل کرنا ہے جو دورانِ سفر یا والدین کی مصروفیت کے باعث گھروں میں دستیاب نہیں ہوتے۔ انہوں نےاس موقع پر موجود والدین اور مسافروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلائیں۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ او نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لئے معذور کر دیتی ہے مگر چند قطرے اس بیماری سے مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں ابھی پولیو وائرس موجود ہے لہٰذا ہم سب پر لازم ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران متعدد فکسڈ، موبائل اور ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں بچوں کو ویکسین دی جا رہی ہے۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے اہلکار مشکل حالات کے باوجود گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا رہے ہیں۔ ان کی یہ قومی خدمت لائق تحسین ہے۔