چیئرمین یوتھ ونگ یورپ وصدر استحکام فورم بیلجیئم راجہ محمد خالد کا غزہ میں جنگ بندی کا بھرپور خیرمقدم

پیر 13 اکتوبر 2025 17:07

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) چیئرمین یوتھ ونگ یورپ وصدر استحکام فورم بیلجیئم راجہ محمد خالد کا غزہ میں جنگ بندی کا بھرپور خیرمقدم،انہوں نے کہا کہ تمام قیدیوں کی باعزت رہائی،پائیدار جنگ بندی اور لڑائی کے خاتمے کو یقینی بنانا ضروری ہے انسانی امداد اور ضروری اشیاء کو فوری طور پر اور بلا رکاوٹ غزہ پہنچنے دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے معاہدے کو سراہتے ہوئے امریکہ، قطر، مصر اور ترکیہ کی سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور تمام فریقوں سے اپیل کی کہ وہ معاہدے پر پوری طرح عمل کریں غزہ کے عوام کی تکالیف ختم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ حماس اور اسرائیل کی جانب سے معاہدے کے پہلے مرحلے پر رضامندی امن کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ قدم غزہ میں پائیدار امن کی بنیاد بنے گا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخی معاہدے پر فوری، مکمل اور مخلصانہ عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے، تاکہ غزہ کے عوام کے لیے امن، بحالی اور انصاف کا نیا باب کھل سکے۔انھوں نے کہا کہ فلسطینی ریاست کا قیام 4 جون 1967ء کے روز کی سرحدوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے،فلسطینی ریاست کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہوگا انھوں نے کہا کہ قابض اسرائیل کی جانب سے ڈھائے گئے قتل عام،خونریزی اور انسانی اعضاء کے بکھرے ہوئے مناظر اس بات کے متقاضی ہیں کہ بین الاقوامی سطح پر نسل کشی کے مقدمات کو حرکت میں لایا جائے اور قابض اسرائیلی قیادت کو عالمی عدالتوں میں کٹہرے میں لایا جائے۔