غزہ امن منصوبہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب اہم قدم ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی توجہ اور جستجو کی بدولت ہی غزہ میں جاری قتل و غارت کو روکنا ممکن ہوا ،وزیراعظم محمد شہباز شریف

پیر 13 اکتوبر 2025 14:47

غزہ امن منصوبہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب اہم قدم ہے،صدر ڈونلڈ ..
شرم الشیخ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ امن منصوبہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب اہم قدم ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی توجہ اور جستجو کی بدولت ہی غزہ میں جاری قتل و غارت کو روکنا ممکن ہوا ،آج کی تقریب نسل کشی کے باب کے خاتمے کی نشان دہی کرتی ہے، عالمی برادری کو یقینی بنانا چاہئے کہ ایسا باب کہیں بھی دوبارہ کبھی نہ کھلے۔

پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ ایکس‘‘ پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ الحمدللہ شرم الشیخ میں تاریخی غزہ امن منصوبے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچا ہوں جو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب ایک اہم قدم ہے،مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو اس امن سربراہی اجلاس کے شریک میزبان ہیں کا مشکور ہوں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شاندار قیادت اور غیر متزلزل عزم کے بغیر ہم یہ تاریخی لمحہ نہ دیکھ پاتے، ان کی خصوصی توجہ اور جستجو کی بدولت ہی (غزہ میں جاری)قتل و غارت کو روکناممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب نسل کشی کے ایک باب کے خاتمے کی نشان دہی کرتی ہے، عالمی برادری کو یقینی بنانا چاہئے کہ کہیں بھی ایسا باب دوبارہ کبھی نہ کھلے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بہادر اور ثابت قدم فلسطینی عوام 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطین میں رہنے کا پورا حق رکھتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔\932