Live Updates

چلڈرن ہسپتال ملتان میں 500 سے زائد بچوں کے دل کے آپریشن و پروسیجر مکمل کیے جا چکے ہیں، ڈین چلڈرن ہسپتال

پیر 13 اکتوبر 2025 16:02

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبے کے بچوں کو اعلی معیار کی صحت سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے،چلڈرن ہسپتال ملتان میں 500 سے زائد بچوں کے دل کے آپریشن اور پروسیجر کامیابی سے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ یہ سنگِ میل سی ایم چائلڈ ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت حاصل کیا گیا ہے، جو حکومتِ پنجاب کا مکمل طور پر فنڈڈ منصوبہ ہے۔

چلڈرن ہسپتال کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر کاشف چشتی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پروگرام کے تحت دل کے امراض میں مبتلا درجنوں بچوں کو ہر ماہ مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ والدین کو علاج کے اخراجات کی کسی قسم کی فکر نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں روزانہ اوسطاً 1800 سے 2400 مریض علاج کے لیے آتے ہیں، جب کہ ایمرجنسی میں 500 سے 800 بچوں کو فوری طبی امدادفراہم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کاشف چشتی کے مطابق ملتان کے علاوہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے بھی مریض بچے علاج کے لیے یہاں آتے ہیں، جنہیں ادویات اور تمام طبی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں 100 افراد کی گنجائش پر مشتمل سرائے قائم کی گئی ہے، جہاں مریضوں کے لواحقین قیام کر سکتے ہیں، جب کہ ان کے کھانے پینے کے لیے بھی مناسب انتظام کیا گیا ہے۔ڈاکٹر چشتی نے بتایا کہ سیلاب کے دنوں میں چلڈرن ہسپتال کی میڈیکل ٹیمیں ریموٹ ایریاز تک پہنچ کر بچوں کو طبی امداد فراہم کر چکی ہیں اور ہسپتال میں خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ بچوں کی فوری تشخیص اور بروقت علاج ممکن ہو سکے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات