Live Updates

پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیرہے، محمد زاہد اعوا ن

پیر 13 اکتوبر 2025 20:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) تحریک عوام پاکستان کے چیئرمین محمد زاہد اعوا ن، سینئروائس چیئرمین راشد محمود،وائس چیئرمین فرقان اعوان،مرکزی رہنما وں محمد طارق رانا، محمد ظفر اقبال قاسم، محمد اشتیاق، امجد اقبال،آفتاب اعوان، لئیق احمد، مہتدا اعوان، عبد الرحمن طارق، محمد ابراہیم اور بلال خان نے ایک مشترکہ بیان میں افغانستان کی طرف سے پاکستان کی سرحدوں پر شر انگیزی کی مذمت کرتے ہوئے افغانستان سمیت ہر پاکستان دشمن قوت کو متنبہ کیا ہے کہ پاکستان کی افواج کسی بھی جارح ملک کو صفحہ ہستی سے مٹا دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیاد ت میں بھارت جیسے دس گنا بڑے ملک کو دھول چٹانے والی قوم افغان بھائیوں کو ہنود و یہود کا آلہ کار نہیں بننے دے گی۔

(جاری ہے)

تحریک عوام پاکستان کے چیئرمین محمد زاہد اعوان نے کہا کہ افغانستان کے حکمران بھارتی را کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور پاکستان کے احسانات کو فراموش کر بیٹھے ہیں لیکن افغانستان کے غیور عوام کبھی بھی اپنی سرزمین کو ہنود و یہود کا بیس کیمپ نہیں بننے دیں گے۔

پاکستان کو تر نوالہ سمجھنے والی قوتیں جان لیں کہ چوبیس کروڑ پاکستانی اپنے عظیم سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔پاکستان کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ ہمیشہ کے لئے بینائی سے محروم کردی جائے گی۔ محمد زاہد اعوان نے کہا کہ افغانستان ہمیں روس اور امریکہ کے ساتھ جنگوں کا حوالہ نہ دے، دنیا جانتی ہے کہ ان جنگوں کا پس منظر کیا تھا۔

افغان حکومت کی معافی تلافی اب ایک شرط پر ہی قابل قبول ہوگی کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود فتنہ خوارج کا مکمل خاتمہ کریں اور ہمارے فیلڈ مارشل کو ان تمام علاقوقوں کا دورہ کروائیں جہاں جہاں سے وہ خوارج کے خاتمے کا یقین دلائیں گے۔تحریک عوام پاکستان کی قیادت اور ملک بھر میں پھیلے ہوئے ہمارے ارکان مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہر دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔

چیئرمین تحریک عوام پاکستان محمد زاہد اعوان نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ہمیں ایران، فلسطین یا یمن سمجھنے کی غلطی کرنے والوں کو واپسی کا راستہ بھی نہیں ملے گا۔بھارت کے بعد افغانستان بھی جان لے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارح کو نیست و نابود کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔پاکستان پر حملے کی افغانستان کی بچگانہ حر کت مسلم امہ کے اتحاد کے لے سنگین دھچکا ہے اسرائیل کی نسلی کش پالیسیوں نے مسلمانوں کو اتحاد کا موقع فراہم کیا جسے سبو تاژ کرنے کے لئے بھارت نے افغانستان کو غلط راستے پر لگا دیا ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات