فتنہ خوارج کے خلاف جنگ میں دو جوان شہید، فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک،تدفین میں اعلی فوجی افسران اور اہم سماجی شخصیات کی شرکت

منگل 14 اکتوبر 2025 11:51

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) وزیرستان میں فتنہ خوارج کے خلاف کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے دو جوانوں، آصف قریشی اور محمد حنیف چوہان کو ان کے آبائی علاقوں حیدرآباد اور ہالا میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔شہید آصف قریشی کی نمازِ جنازہ حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد کی عیدگاہ میں ادا کی گئی، جس میں جی او سی یحیی گوندل، ایم پی اے طارق رزاق دھاریجو، ایس ایس پی عدیل چانڈیو، اور دیگر اعلی حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، جبکہ جنازے میں شہید کے عزیزوں اور مقامی نمائندوں ناصر حسین قریشی و ڈپٹی میئر صغیر قریشی نے بھی شرکت کی۔دوسری جانب ہالا کے علاقے محمد صالح چوہان میں شہید محمد حنیف چوہان کو ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔اہلِ علاقہ نے جسد خاکی پر پھول نچھاور کیے اور فوجی اعزازات کے ساتھ الوداع کیا۔نمازِ جنازہ میں فوجی افسران، ایس ایس پی مٹیاری را عارف، ن لیگ سندھ کے صدر بشیرمیمن اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔شہید محمد حنیف نے 9 سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ اپنے پیچھے والدین، اہلیہ اور دو سالہ بیٹے کو سوگوار چھوڑ گئے۔

متعلقہ عنوان :