ایڈن مارکرم نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران 3 ہزار رنز مکمل کرکے سنگ میل عبور کرلیا

منگل 14 اکتوبر 2025 17:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم نے لاہور ٹیسٹ میں اہم اعزاز حاصل کرلیا۔جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم نے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران 3 ہزار رنز مکمل کرکے سنگ میل عبور کرلیا۔مارکرم کو 3 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 7 رنز درکار تھے، انہوں نے 47ویں ٹیسٹ میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

جنوبی افریقی کپتان نے کیریئر میں 13 نصف سنچریاں اور 8 سنچریاں بنائی ہیں اور وہ فارمیٹ میں 3 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے جنوبی افریقا کے 18ویں بیٹر ہیں۔پروٹیز کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ جیک کیلس کے پاس ہے جنہوں نے 165 میچوں میں 13206 رنز بنائے ہیں جس میں 58 نصف سنچریاں اور 45 سنچریان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جیک کیلس ٹیسٹ کرکٹ میں 10000 رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے واحد جنوبی افریقی کھلاڑی بھی ہیں۔

ہاشم آملہ 124 ٹیسٹ میچوں میں 9282 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں اور انہوں نے 41 نصف سنچریاں اور 28 سنچریاں اسکور کی ہیں، اس کے بعد سابق کپتان گریم اسمتھ 38 نصف سنچریوں اور 27 سنچریوں کے ساتھ 9283 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔واضح رہے کہ لاہور ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 6 وکٹوں پر 216 رنز بنائے ہیں اور مہمان ٹیم کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 162 رنز درکار ہیں۔ڈی زورزی 81 اور متھوسوامی 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سلمان آغا اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔