محکمہ ہیلتھ آزاد کشمیر کے شعبہ سی ڈی سی کی شاندار کارکردگی، ملیریا و ڈینگی کے خلاف جنگ جیتنے میں کامیاب

منگل 14 اکتوبر 2025 15:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) محکمہ ہیلتھ آزاد کشمیر کے شعبہ سی ڈی سی کی شاندار کارکردگی، ملیریا و ڈینگی کے خلاف جنگ جیتنے میں کامیاب۔ ریاست بھر میں صرف پانچ نئے مریض سامنے آئے جبکہ 418 میں سے 389 کو علاج معالجہ کے بعد تندرست قرار دیتے ہوئے گھر روانہ کر دیا گیا، 29 مختلف ہسپتالوں میں داخل۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت آزاد کشمیر کے شعبہ سی ڈی سی نے وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر صحت آزاد کشمیر، سیکرٹری صحت عامہ کی ہدایات کے تناظر میں نہ صرف ڈینگی بلکہ ملیریا کے خلاف بھی کامیاب آپریشن جاری کر رکھا ہے۔

ڈاکٹر فاروق اعوان کی قیادت میں شعبہ سی ڈی سی دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے پوری طرح فعال اور مستعدی سے اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

ریاست بھر میں اس وقت تک صرف 418 مریض تھے جن میں سے پانچ نئے مریض سامنے آئے محکمہ صحت آزاد کشمیر نے مختلف ہسپتالوں میں 389 مریضوں کو علاج معالجہ کرنے کے بعد فارغ کر دیا جبکہ اس وقت تک صرف 29 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں جو محکمہ صحت عامہ اور شعبہ سی ڈی سی کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔شعبہ سی ڈی سی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جب تک ملیریا اور ڈینگی کو جڑ سے ختم نہیں کر دیا جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ ایسی موذی امراض کے خلاف محکمہ کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں۔