حماس کی مزاحمت سے دنیا بھر میں بیداری کی لہر پیدا ہوئی‘راشد نسیم

منگل 14 اکتوبر 2025 21:20

ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے اہل فلسطین کی قربانیوں اور حماس کی حکمتِ عملی کو سراہا اور کہا کہ گزشتہ دو سالہ صورتحال نے دنیا کو ظالم و مظلوم کی پہچان کرائی ہے۔نیا ناظم آباد اور گلشن اقبال کراچی میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے راشد نسیم نے کہا کہ اللہ کی مدد اور نصرت کیا ہوتی ہے پچھلے دو سالوں میں ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگوں نے بڑے پیمانے پر قربانیاں دی ہیں، اسرائیل ناکام رہا اور حماس کامیاب ہوئی۔انھوں نے کہا کہ اسرائیل چاہتا تھا کہ حماس کو ختم کر دے مگر اسے مذاکرات کی میز پر بیٹھنا پڑا۔ مذاکرات کے بعد کچھ یرغمالی رہا ہوئے اور تقریباً دو ہزار فلسطینی جو گرفتار تھے وہ بھی اپنے گھروں کو واپس لوٹے۔ یہ صورتِ حال حماس کی ایک بڑی کامیابی ہے جو مجاہدین کی استقامت کا نتیجہ ہے۔ حماس کی مزاحمت کی وجہ سے عالمی سطح پر بیداری کی لہر پیدا ہوئی ہے۔ لوگ ظالم اور مظلوم کا فرق جان چکے ہیں۔ فلوٹیلا مہم میں شامل افراد میں ستر فی صد غیر مسلم تھے۔راشد نسیم نے شرکاء کو امن و انصاف کے حق میں بیداری اور حمایت جاری رکھنے کی اپیل کی۔