فیصل آباد بورڈ نے فرسٹ ایئر کے نتائج کا اعلان کردیا،108182 میں سے60302طلباپاس ہوئے،کامیابی کا تناسب 55.74 فیصد رہا

بدھ 15 اکتوبر 2025 11:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان انٹرمیڈیٹ (پارٹ فرسٹ) گیارہویں جماعت (اول) سالانہ2025کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے سادہ و پروقار تقریب کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمٰن اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10بجے صبح چیئرمین بورڈ نے لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کررزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ bisefsd.edu.pk www.پر بھی اپ لوڈ ہو گیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ (اول) سالانہ 2025 میں کل 108182طلبا وطالبات شریک ہوئے جن میں سے 60302 پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب 55.74 فیصد رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلباوطالبات کےلئے الگ الگ 325 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے تاکہ انہیں پیپر دینے کےلئے دور دراز علاقوں کے سنٹروں میں نہ جانا پڑے بلکہ ان کے اداروں یا گھروں کے قریب ہی واقع امتحانی مراکز میں انہیں یہ سہولت میسر رہے۔اس موقع پر کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت نتائج انتہائی احتیاط،محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشا اللہ تعالیٰ کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج الحمداللہ شفاف اورہر قسم کی غلطیوں سے پاک ہیں تاہم طلبا وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے، ایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق غیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں۔ ایسے طلبا وطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔

اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمٰن نے کہا کہ اس سلسلے میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبرز0412517710 یا 0419330366پر رابطہ کر سکتا ہے۔