اسلام کی تعلیمات اخوت، مساوات اور عدل پر قائم ہیں،ملک ضیاء الحق

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:07

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) یو این ڈی پی کے زیر اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے امن اور اقلیتی حقوق کے عنوان پرجم خانہ میں منعقدہ سیمینار میں اتحاد العلما کے ضلعی صدر قاضی نگاہ مصطفے،جنرل سیکرٹری ملک ضیا الحق،تحفظ ختم نبوت کے مولانا عبدالرشید، مولانا عباس انقلابی،مولانا عبید الرحمن،پروگرام کوآرڈینیٹر سناور عالم پروگرام انچارج احمد ریاض ،خاتون ایڈوکیٹ شیزا رانا اور دیگر نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات اخوت، مساوات اور عدل پر قائم ہیں اور اقلیتوں کو بھی تمام مساوی حقوق حاصل ہیں اس ملک پاکستان کی تحریک آزادی میں جہاں مسمانوں نے جانوں کی قربانیاں دیں وہاں اقلیتوں نے بھی تمام مصائب مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اپنے وطن کے خواب کو تعبیر دی ہے اس لئے آئین پاکستان میں تمام اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ ہمارے ذمہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لئے مل کر بھرپور جدوجہد کی ضرورت ہے جس کی مثال سرگودھا کے چرچ میں قائم کر کے مسلم اور مسیحی برادری نے دے کر دوسرے کو دعوت ترغیب دی ہے۔مقررین نے کہا کہ دین اسلام، اخوت اور بھائی چارے کو صرف مسلمانوں تک محدود نہیں رکھتا، بل کہ تمام انسانوں کے لیے عدل و احسان، ہم دردی اور خیر خواہی کی تعلیم دیتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے مدینہ کے معاشرتی نظام میں مختلف قوموں، مذاہب اور طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کا عملی نمونہ پیش کیا، جہاں ہر فرد کو امن، احترام اور انصاف فراہم کیا گیا۔آخر میں قیام امن کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ہم آہنگی کے لئے دعا کی گئی۔