پولیو خاتمےکے قومی مشن میں ریسکیو 1122 کا کردار قابلِ تحسین ہے،سی ای او ہیلتھ سیالکوٹ

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:44

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) سی ای او ہیلتھ سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے قومی مشن میں ریسکیو 1122 کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ پولیو مہم صرف محکمہ صحت کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کا مشترکہ فریضہ ہے اور ریسکیو 1122 نے ہمیشہ انسانیت دوستی اور قومی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

ریسکیو اہلکار نہ صرف حادثات میں عوام کی جانیں بچاتے ہیں بلکہ صحت عامہ کی مہمات میں بھی محکمہ صحت کے شانہ بشانہ کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت اور فوری امداد کے لئے ریسکیو 1122 کا تعاون قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورانِ مہم اگر کسی بھی ٹیم کو کسی حادثے، راستے میں مشکل یا ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے تو ریسکیو 1122 کے اہلکار بروقت کارروائی کرتے ہوئے مکمل مدد فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہی جذبہ بین الادارہ ہم آہنگی اور عوامی خدمت کی حقیقی تصویر پیش کرتا ہے۔سی ای او ہیلتھ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام اداروں کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کا اشتراک ہی وہ قوت ہے جو پاکستان کو جلد پولیو فری بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 اور تمام اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ لگن اور خدمتِ انسانیت کا جذبہ ہمارے لیے قابلِ فخر ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے ہمیشہ کے لئے محفوظ رکھا جا سکے۔