راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں بچیوں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب منعقد

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں بچیوں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس کا مقصد بچیوں کی تعلیم، بااختیاری اور قیادت کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ ڈاکٹر شائستہ سہیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر سیو آور سوسائٹی فاؤنڈیشن نے بطورِ کلیدی مقرر خطاب کیا۔ رواں سال کا موضوع "The Girl I Am, The Change I Lead" تھا۔

اس موقع پر قائم مقام وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ اور بیگم عنایت اللہ بھی موجود تھیں ۔ ڈاکٹر شائستہ سہیل نے خطاب کے دوران تعلیمِ نسواں اور خواتین کی بااختیاری کی اہمیت کو قرآن و حدیث کی روشنی میں اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے احترام اور برابری کی بنیاد پر مواقع کی فراہمی قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے 2023کی مردم شماری کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں مردوں کی شرحِ خواندگی 68 فیصد جبکہ خواتین کی شرح صرف 52 فیصد ہےجو تعلیم میں صنفی فرق کو کم کرنے کی فوری ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔ڈاکٹر شائستہ سہیل نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بالخصوص پنک بسز جیسے منصوبوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے خواتین اور طالبات کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حقیقی سماجی تبدیلی کا آغاز گھر سے ہوتا ہے اور کہا کہ خواتین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بیٹوں کو خواتین کے احترام اور ہمدردی کا سبق دیں۔انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم میں بہتری اور انہیں معاشرتی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کیلئے اپنی فاؤنڈیشن کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکامیں اسناد تقسیم کی گئیں۔