ہزارہ یونیورسٹی میں ’’قومی شاہراہیں، علاقائی ترقی،نوجوانوں،تعلیمی اداروں اور پاکستان کے لیے مواقع‘‘کے موضوع پر لیکچر

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:45

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) ہزارہ یونیورسٹی کیرئیر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر کے گیسٹ لیکچر فورم کے تحت قومی شاہراہیں ،علاقائی ترقی، نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور پاکستان کے لیے مواقع کے موضوع پر لیکچر منعقد کیا گیا ۔مہمان خصوصی ایس ایس پی ہزارہ موٹر وے سجاد بھٹی تھے۔انہوں نے لیکچر میں شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑکیں اور شاہرات ملکی ترقی کی علامت ہوتے ہیں اور دنیا کے بیشتر ممالک صرف شاہراہوں کی بدولت ترقی کی منزل حاصل کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس کا بنیادی کام قومی شاہراہوں پر قواعد و ضوابط کو برقرار رکھنا ہے تاکہ مسافروں کی زندگی اور ان کی گاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ سجاد بھٹی نے مزید کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے موٹر ولے پولیس کو ایک شفاف ادارہ قرار دیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے ملک بھر میں موٹر وے اور قومی شاہراہوں اور ملکی ترقی میں ان کے کردار کے بارے میں بتایا۔

لیکچر کے اختتام پر ایس ایس پی موٹر وے نے سوال وجواب کے سیشن میں طلباء کے مختلف سوالوں کے جواب دیئے اور انہیں موٹرے وے پولیس کے قوائد و ضوابط اور کام کرنےکےطریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر ایس ایس پی موٹروے کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ اس سے قبل انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وائس چانسلر نے ایس ایس پی موٹر وے پولیس کو بتایا کہ ہزارہ یونیورسٹی نے ملازمین سمیت ملحقہ علاقے کے لوگوں کو ڈرائیونگ کی تربیت دینے کے لئے یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ سیکشن میں باقاعدہ ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹر قائم کر دیا ہے جہاں ماہر اور تجربہ کار سٹاف دلچسپی رکھنے والے ملازمین اور عام شہریوں کو ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کریں گے۔وائس چانسلر نے کہا کہ اس اقدام سے ہزارہ یونیورسٹی ملک کی پہلی یونیورسٹی بن گئی ہے جہاں ڈرائیونگ کی تربیت کے لئے باقاعدہ سنٹر قائم کر دیا گیا۔

ایس ایس پی سجاد بھٹی نے یونیورسٹی میں ڈرائیونگ سنٹر کے قیام کو وائس چانسلر کا مثالی اور قابل تقدید وژن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام موٹر ولے پولیس کے لئے بھی نہایت خوش آئند اور مددگار ثابت ہوگا کیونکہ اس سے باقاعدہ تربیت یافتہ اچھے ڈرائیور اسڑک پر آئیں گے جس سے حادثات میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔