بجلی کی قیمت میں اضافہ ناقابلِ قبول ہے،پاسبان

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ ناقابلِ قبول ہے۔ یہ اضافہ سراسر عوام دشمن، غیراخلاقی اور معاشی دہشت گردی کے مترادف ہے۔ عوام کا معاشی قتل بند کیا جائے۔حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کار دوستوں کو خوش کرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے عوام کو ایک بار پھر قربانی کا بکرا بنایا ہے۔

کیا پاکستان کے عوام کا کام صرف بل دینا، قربانی دینا اور خاموش رہنا رہ گیا ہی کیا نیپرا صرف سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کا ادارہ بن چکا ہی سعودی سرمایہ کاری کی آڑ میں پاکستانی عوام کے مفادات کو بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ ملک عوام کا ہے اور عوام مزید مہنگائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

پاسبان رہنما نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بند کئے جائیں۔

کے الیکٹرک کی نئی ملکیت اور شرائطِ معاہدہ کو پارلیمنٹ میں لایا جائے۔ نیپرا کو عوام کے سامنے جوابدہ بنایا جائے۔ کراچی میں کئی تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی کی تقسیم دی جائے تاکہ مسابقت پیدا ہو اور سرمایہ کاروں کے بجائے صارفین کو فائدہ ہو۔ بجلی کی رانگ بلنگ، اوور بلنگ، ایسڈ بلنگ جیسی ناانصافیوں پر قابو پانے کے لیے کسٹمر کیئر سینٹرز کو صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے استعمال کیا جائے۔ اسلام آباد میں لگائے جانے والے جدید میٹرز کراچی میں بھی نصب اور سولرز استعمال کرنے والوں کو مراعات دی جائیں۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ہم عوامی طاقت کے ساتھ سڑکوں پر آئیں گے، اور حکمرانوں کا حقیقی محاسبہ کیا جائے گا۔