آغا سراج درانی کے انتقال پر پاکستان مسلم لیگ ق سندھ کے رہنماؤں کا اظہارِ تعزیت

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) سابق اسپیکر سندھ اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آغا سراج درانی کے انتقال پر پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر سرائی نیاز حسین خاصخیلی، نائب صدر عبدالرحمٰن خانزادہ، جوائنٹ سیکریٹری سید فیضان انیس اور ق لیگ لائرز ونگ کراچی کے صدر ایڈوکیٹ خرم شاہد میو نے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ آغا سراج درانی سندھ کی سیاست کا ایک اہم ستون تھے۔

ان کی خدمات، بصیرت، اور جمہوری نظام کے لیے وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔رہنماؤں نے کہا کہ وہ نہ صرف پیپلز پارٹی کے اہم ستون تھے بلکہ ایک متحرک اور فعال اسپیکر کے طور پر بھی سندھ اسمبلی میں اپنی منفرد پہچان رکھتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی کا انتقال نہ صرف ان کے خاندان کے لیے بلکہ سندھ کی سیاسی و جمہوری فضا کے لیے بھی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔تمام رہنماؤں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آغا سراج درانی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔پاکستان مسلم لیگ (ق) کے کارکنان اور رہنماؤں نے اس موقع پر اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔