قائد اعظم ٹرافی دوسرارائونڈ، پشاور نے فاٹا کو شکست دے دی، دیگر تین میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ کے چوتھے اور آخری دن پشاور نے فاٹا کو شکست دے دی۔ دیگر تین میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے۔ پی سی بی کے مطابق ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور نے فاٹا کو 17 رنز سے ہرا دیا۔ فاٹا 256 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام اور پوری ٹیم 238 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سلمان خان 73 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ عامر خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ افتخار احمد کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ شعیب اختر اسٹیڈیم میں بہاولپور اور اسلام آباد کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا۔ بہاولپور کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 508 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سعد خان نے 25 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار 215 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

موسیٰ خان، کلیم دل اور جواد علی نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔ اسلام آباد نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 221 رنز بنائے، شامل حسین نے 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سعد خان کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز ملا۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ میں ایبٹ آباد اور لاہور وائٹس کا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ ایبٹ آباد کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 377 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

احمد خان نے 104 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ فخر زمان نے 81 اور خالد عثمان نے 71 رنز بنائے۔ لاہور وائٹس کی جانب سے محمد رمیز نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ میں مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لاہور وائٹس کو جیتنے کے لیے 243 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم کھیل کے اختتام پر اس نے بغیر نقصان کے ایک رن بنایا۔ خالد عثمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ فیصل آباد اور سیالکوٹ کا میچ بھی ڈرا ہو گیا۔ فیصل آباد نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنائے۔ عتیق الرحمن نے 143 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔