چیئرمین ایپنک صادق انظر کے اعزاز میں تقریب،سینیٹر طلحہ محمود نے صادق انظر کی مثالی قیادت اور لگن کو سراہا

جمعرات 16 اکتوبر 2025 02:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے زیراہتمام چیئرمین صادق انظر کو ان کی شاندار قیادت اور تنظیم کے لئے وقف خدمات کے اعتراف میں انفارمیشن سروس اکیڈمی، اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی وزیر سینیٹر طلحہ محمود نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، انہوں نے چیئرمین صادق انظر کو کنفیڈریشن کو مضبوط بنانے اور ملک بھر کے میڈیا ملازمین کے تحفظات کو موثر طریقے سے دور کرنے میں نمایاں کاوشوں پر دلی مبارکباد پیش کی۔

اپنے خطاب میں سینیٹر طلحہ محمود نے میڈیا ورکرز کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں قوم کی آنکھ اور آواز قرار دیا۔ انہوں نے میڈیا ملازمین کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کیلئے صادق انظر کی قیادت میں ایپنک کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا کے پیشہ ور افراد کیلئے ملازمت کے تحفظ، منصفانہ اجرت اور کام کے بہتر حالات کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب میں ایپنک کے نو منتخب عہدیداروں کو ان کی شراکت اور تنظیم کے مشن سے وابستگی کے اعتراف میں ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین صادق انظر نے سینیٹر طلحہ محمود کا شکریہ ادا کیا اور میڈیا ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی پیشہ وارانہ ترقی کیلئے وکالت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ایپنک کی سیکرٹری جنرل نازیہ ریاض اور دیگر سینئر رہنمائوں نے چیئرمین صادق انظر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں کنفیڈریشن ملک بھر میں میڈیا ورکرز کیلئے مضبوط اور متحد آواز بن کر ابھری ہے۔ تقریب کا اختتام شرکا کی جانب سے اتحاد، پیشہ ورانہ مہارت اور صحافیوں اور میڈیا ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے تجدید عہد کے ساتھ ہوا۔