پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر عرفان شوکت نے آسٹریلیا کی گورنر جنرل سم موسٹن کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کردیں

جمعرات 16 اکتوبر 2025 10:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) آسٹریلیا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر عرفان شوکت نے آسٹریلیا کی گورنر جنرل سم موسٹن کو جمعرات کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کردیں۔ اس موقع پر آسٹریلیا کے گورنمنٹ ہائوس میں ایک پروقار تقریب اسناد سفارت کا انعقاد ہوا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہائی کمشنر عرفان شوکت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک آسٹریلیا تعلقات کو سیاسی، معاشی، تعلیمی اور سائنسی شعبوں میں مضبوط کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کا دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ روابط بڑھانے میں کلیدی کردار ہے۔ ہائی کمشنر عرفان شوکت نے باہمی تعاون اور عوامی روابط بڑھانے پر زور دیا، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اظہارکیا گیا۔ ہائی کمشنر عرفان شوکت نے دوطرفہ تعلقات میں ریسرچ اور تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔