حکومت ہر شخص کے لیے انصاف کو بروقت، مساوی اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے پرعزم ہے، اعظم نذیر تارڑ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:23

حکومت ہر شخص کے لیے انصاف کو بروقت، مساوی اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق نے کہا ہے کہ حکومت ہر شخص کے لیے انصاف کو بروقت، مساوی اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے پرعزم ہے،بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے آئین کا بنیادی تقاضا اور ریاست کی ذمہ داری ہے،پاکستان کے آئین میں مذہبی آزادی، قانون کے سامنے برابری اور امتیاز سے تحفظ کی واضح ضمانت دی گئی ہے،ریاست کی اولین ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے اور انصاف تک مساوی رسائی فراہم کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام سپریم کورٹ میں منعقدہ قومی سمپوزیم "بین المذاہب ہم آہنگی اور بنیادی انسانی حقوق — آئین کی ناگزیر ضرورت"سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے حالیہ برسوں میں بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی، نیشنل ایکشن پلان، اقلیتی تحفظ سیلوں اور انسانی حقوق سے آگاہی پروگراموں جیسے اقدامات کے ذریعے برداشت، شمولیت اور بین المذاہب احترام کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ توہینِ مذہب سے متعلق مقدمات میں شفاف تفتیش، عدالتی حساسیت، اور قانونی عمل کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے تعلیمی اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا جو نوجوان نسل میں برداشت، ذمہ داری اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عدلیہ، علمائے کرام، میڈیا اور سول سوسائٹی کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ رواداری، ہمدردی اور باہمی احترام پر مبنی قومی بیانیہ تشکیل دیا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے قومی اعلامیہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور انصاف تک رسائی کے اجرا کا خیرمقدم کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت کسی بھی شہری کو مذہب، عقیدے یا شناخت کی بنیاد پر محرومی کا شکار نہیں ہونے دے گی اور ہر شخص کے لیے انصاف کو بروقت، مساوی اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔\932