قائد ملت خان لیاقت علی خان ہماری تاریخ ہیرو ہیں،پروفیسرڈاکٹرریاض احمد

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:53

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) انجمن فیض الاسلام کے صدر ، معروف تاریخ دان پروفیسر ڈاکٹرریاض احمد نے کہا ہے کہ قائد ملت خان لیاقت علی خان ہماری تاریخ کے ایسے ہیرو ہیں جنہوںنے تحریک پاکستان سے لے کرقیام پاکستان اوراسکے بعد بھی بے شمار قربانیاں اور قومی خدمات پیش کرکے اپنی آنے والی نسلوں اور قومی لیڈرشپ کیلئے اعلیٰ ترین مثالیں چھوڑی ہیں۔

شہید ملت لیاقت علی خان کے 74 ویںیوم وفات کے موقع پران کی شاندار قومی خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹرریاض احمدنے کہا کہ 1949 ء میں لیاقت علی خان کی جاری کردہ قرارداد مقاصد ہماری گذشتہ اورموجودہ آئین کا حصہ ہے ، قائدملت نے قیام پاکستان کے بعدہریانہ انڈیا میںاپنی وسیع جائیداد یں چھوڑ کر پاکستان کی تعمیر اوراستحکام کی راہ کوچنا،ہریانہ میںوہ 22 گائوں کے مالک تھے مگر پاکستان آکر انہوں نے کوئی کلیم داخل نہیںکیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہالینڈ میںپاکستان کی ایمبیسی لیاقت علی خان اوران کی بیگم رعنا لیاقت علی نے پاکستان کو تحفہ کی تھی ․ لیاقت علی خان اعلیٰ پائے کے وکیل بھی تھے جو علی گڑھ یونیورسٹی اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے پڑھے ہوئے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹرریاض احمدنے کہا کہ شہید ملت لیاقت علی خان پارلیمانی جمہوریت میںقانون ساز اسمبلی کو سب سے سپریم ادارہ کہتے اورمانتے تھے ۔

انہوں نے اپنا سب کچھ چھوڑ کرپاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی اعلی اور نادر مثالیں قائم کیں۔پروفیسر ڈاکٹرریاض احمد نے انجمن فیض الاسلام کے تعلیمی اداروںکے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نصاب سے ہٹ کر بھی بچوں کوبانیان پاکستان کی سیرت و کردارسے آگاہ کریں اور خاص طور قائد ملت لیاقت علی خان کے یوم وفات کے موقع پر بچوں کو ان کی قربانیوںاورپاکستان کیلئے دی جانے والی خدمات سے آگاہی دیں تاکہ طلبہ اپنی سیرت اورکردار کوہمارے قومی ہیروز کے طرز زندگی و طرز عمل کے مطابق ڈھالنے کا اثر لے سکیں۔