وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی ایس اینڈ پی گلوبل کے وفد سے ملاقات

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:30

واشنگٹن ڈی سی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ایس اینڈ پی گلوبل کے وفد سے جمعرات کوملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری پر ایس اینڈ پی گلوبل کا شکریہ ادا کیا اور اس پیش رفت کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عالمی اعتماد اور بیرونی توثیق قرار دیا۔

سینیٹر اورنگزیب نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تینوں بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی درجہ بندیاں اب ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو چکی ہیں جو پاکستان کی معیشت میں استحکام، پالیسی تسلسل اور اصلاحات کے مثبت اثرات کی عکاسی کرتی ہیں۔وزیرِ خزانہ نے وفد کو پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان حالیہ اسٹاف لیول ایگریمنٹ کے بارے میں آگاہ کیا، جو ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (EFF) کے دوسرے اور ریزلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (RSF) کے پہلے جائزے سے متعلق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کو مالیاتی نظم و ضبط، زری پالیسی، اور بیرونی شعبے میں جاری مثبت پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت اپنے اصلاحاتی پروگرام کے تحت محصولات میں بہتری، اخراجات کے نظم، اور معیشت کے استحکام کے لیے پرعزم ہے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایس اینڈ پی گلوبل کے ساتھ تعمیری روابط اور قریبی تعاون کے تسلسل کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان پائیدار معاشی استحکام، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور ترقی کے عمل کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عالمی اداروں کے ساتھ اشتراکِ عمل کو فروغ دے رہی ہے۔