کارلوس الکاراز اور جینک سنر سکس کنگز سلام ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے

جمعہ 17 اکتوبر 2025 08:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) دنیائے ٹینس کے نمبر ون کھلاڑی ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز اور اٹلی کے عالمی نمبر ٹو ٹینس سٹار جینک سنر سکس کنگز سلام ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق 22 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے نمائشی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچ میں امریکی ٹینس سٹار ٹیلر فریٹز کو شکست دی جبکہ اٹلی کے جینک سنر نے سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفا کیا۔

نمائشی اے ٹی پی ٹینس ٹورنامنٹ سعودی عرب کے شہر ریاض کے ارینا میں جاری ہے،جس میں اٹلی کے ٹینس سٹار جینک سنر ،یونان کے ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس سٹسیپاس، جرمنی کے الیگزینڈر زویروف اور امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فرٹز جیسے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ چار روزہ نمائش ٹورنامنٹ 15 اکتوبر سے جاری ہے اور نیٹ فلکس پر نشر کیا جا رہا ہے۔

ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں دنیائے ٹینس کے نمبر ون کھلاڑی ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی حریف ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 2-6 سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میچ میں اٹلی کے عالمی نمبر ٹو ٹینس سٹار جینک سنر نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار نوویک جوکووچ کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور2-6 سے ہر اکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی انعامی رقم 4.5 ملین ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق فاتح کھلاڑی کو 6 ملین ڈالر تک انعام ملنے کا امکان ہے۔