مسلم کانفرنس نے ریاستی تشخص کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دیں،خواجہ دلاور

مسلم کانفرنس ریاستِ جموں و کشمیر کی سب سے قدیم، نظریاتی اور عوامی جماعت ہے،رہنماء مسلم کانفرنس

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) صوبائی صدر مسلم کانفرنس کے۔پی کے خواجہ دلاور نے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے 93ویں یومِ تاسیس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تقریبات کو منانے کا مقصد جماعت کی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنا، بانیانِ مسلم کانفرنس کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور تحریکِ آزادی کشمیر کے ساتھ تجدیدِ عہد کرنا ہے۔

مسلم کانفرنس ریاستِ جموں و کشمیر کی پہلی اور نظریاتی بنیادوں پر قائم سیاسی جماعت ہے جس نے عوامی شعور بیدار کیا، تحریکِ آزادی کو سمت دی اور ریاستی تشخص کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ 93 برس گزرنے کے باوجود مسلم کانفرنس آج بھی اپنی اساس، نظریے اور قیادت پر فخر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

مسلم کانفرنس ریاستِ جموں و کشمیر کی سب سے قدیم، نظریاتی اور عوامی جماعت ہے، جس نے ہمیشہ عوامی خدمت، ریاستی تشخص کے تحفظ اور تحریکِ آزادی کشمیر کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس جماعت کسی شخصیت نہیں بلکہ ایک فکر، ایک تحریک اور ایک نظریہ ہے جو بانی ریاست مجاہد اول کے ہاتھوں پروان چڑھا۔پاکستان سے ہمارا رشتہ زمین یا مفادات کا نہیں، بلکہ ایمان اور عقیدے کا رشتہ ہے۔ پاکستان ہمارا پشت پناہ، ہمارا مرکزِ عقیدت اور منزلِ آزادی کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور یہ رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

خواجہ دلاور نے مزید کہا کہ پاک فوج قوم کا فخر اور ملک کی سلامتی کی ضمانت ہے۔ ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کی حفاظت کی، دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا اور قربانیوں کی ایسی تاریخ رقم کی جو دنیا میں مثال نہیں رکھتی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو مسلم کانفرنس کے نظریے، تاریخ اور اصولوں کو یاد رکھنا چاہیے۔کارکنان ہی جماعت کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ خدمتِ خلق ہے۔ مسلم کانفرنس ہمیشہ عوام کے مفادات کی ترجمان رہی ہے اور رہے گی۔ خواجہ ولاور نے سردار عتیق احمد خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور عزم کیا کہ وہ مسلم کانفرنس کے پیغام کو ہر سطح پر عام کریں گے۔