سرینگر ،میرواعظ عمر فاروق کا حضرت شیخ العالم ؒ کو ان کے عرس کے موقع پر خراج عقیدت پیش

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے وادی کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل حضرت شیخ العالم، شیخ نو رالدین نورانی ؒ کو ان کے عرس کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں شریعت و طریقت اور حقیقت و معرفت کامجسمہ قرار دیا ہے۔

میر واعظ نے کہا کہ حضرت شیخ العالم نورالدین نورانیؒ کا پیغامِ توحید، محبت، سادگی اور خدمتِ خلق آج بھی ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس برگزیدہ ولیِ کامل نے اپنی گہری روحانیت اور حکمت و دانائی سے عبارت شاعری کے ذریعے قرآنِ کریم کی تعلیمات کو کشمیری زبان میں عام کیا تاکہ دینِ اسلام کا پیغام ہر خاص و عام تک پہنچے ،آپؒ نے وادی کشمیر میں خدا ترسی، اصلاحِ نفس، رواداری اور باہمی احترام کی ایسی ثقافت کو پروان چڑھایا جو صدیوں سے کشمیری سماج کی شناخت بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیخ العالم ؒنے ہمیں یہ سکھایا کہ عزت و وقار نسب یا خاندان سے نہیں بلکہ نیکی اور پرہیزگاری سے حاصل ہوتا ہے اور حقیقی اصلاح اپنے نفس کی تطہیر سے شروع ہو کر خدمتِ خلق پر مکمل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ ؒ کے کشمیری زبان میں اشعار ہمیشہ کشمیریوں کے دلوں کو منور کرتے رہیں گے۔