وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی دبئی اسلامک بینک کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 01:10

واشنگٹن ڈی سی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں دبئی اسلامک بینک کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عدنان چلوان سے ملاقات کی۔وزیر خزانہ نے پاکستان کے خودمختار سکوک کے اجرا میں دبئی اسلامک بینک کے بطور عالمی رہنما مسلسل کردار کو سراہا اورڈی آئی بی کے ساتھ شراکت داری کو پاکستان کی مالی ضروریات کے لیے اہم قرار دیا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے سٹاف سطح کے معاہدہ اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کو معیشت کے مثبت رجحان کا مظہر قرار دیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے دبئی اسلامک بینک کے سربراہ کو فرسٹ وومن بنک کی نجکاری کے عمل سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی فنڈنگ کے ذرائع کو امریکی ڈالر، پانڈا اور سکوک مارکیٹس کے درمیان متنوع بنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے،وزیر خزانہ نے دبئی اسلامک بینک کے ساتھ مضبوط تعلقات کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کیااور مستقبل میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی امید کا اظہار کی۔