چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 10:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں قومی کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کامیابی حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے محنت، لگن اور ٹیم ورک کے ذریعے فتح حاصل کی جو قابل تحسین ہے۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کھیلتے رہیں تو مزید کامیابیاں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقل مزاجی، اتحاد اور مثبت سوچ کے ساتھ ٹیم مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی دکھائے گی۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ دوستی، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم کرکٹ کی درخشاں روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ بھی ملک و قوم کا نام روشن کرتی رہے گی۔