وزیر اعلیٰ بلوچستان کا سانحہ کارساز میں شہید ہونے والے جیالے خلیل احمد کے بھائی کیلئے سرکاری ملازمت ومعاونت کا اعلان

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ کارساز میں شہید ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جیالے خلیل احمد سمالانی کے بھائی کیلئے سرکاری ملازمت اور مالی معاونت کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خلیل احمد سمالانی جیسے کارکنان نے جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ان سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کے خاندانوں کی دیکھ بھال حکومت کی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے ۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شہید کے بھائی کیلئے مستقل ملازمت اور مالی کفایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان ہر اُس کارکن کے ساتھ کھڑی ہے جس نے ملک و قوم کے لیے قربانی دی ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک المناک واقعہ ہے جس نے جمہوریت کے سفر میں قربانیوں کی عظیم مثال قائم کی ۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر شہداء کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔