پریمئر سپر لیگ 9ویں ایڈیشن کا آغاز،ایف بی آر ،کیپٹل پولیس ،نوا میڈ،اولڈ راوینز،سردار گروپ کی کامیابی

ایل سی آئی،آئی پی سی ،یو بی اسپورٹس،نیٹ سول ،پیکجز ، سروسز انڈسٹریز کی ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا

اتوار 19 اکتوبر 2025 15:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) پریمئر سپر لیگ کے 9ویں ایڈیشن میں بورڈ آف ریو نیو ،کیپٹل پولیس، نوامیڈ، اولڈ راوینزاور سردار گروپ نے اپنے اپنے میچز جیت لئے ۔ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نوامیڈ اور ایل سی آئی کی ٹیمیں مد مقابل آئیں۔نوامیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 189 رنز بنائے۔ جواب میں ایل سی آئی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 155 رنز تک محدود رہی۔

نوامیڈ کے مشتاق کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔دوسرے میچ میں آئی پی سی اور اولڈ راوینز کی ٹیمیں میدان میں اتریں ، اولڈ راوینزنے پہلے کھیلتے ہوئے 204 رنز کا مجموعہ جوڑا ۔ ہد ف کے تعاقب میں آئی پی سی کی ٹیم 102 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اولڈ راوینزکے محمد حمزہ کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

(جاری ہے)

اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کیپٹل پولیس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 249 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، جواب میں یو بی اسپورٹس کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 155 رنز ہی بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی، فاتح ٹیم کے محمد ارسلان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اسی گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سردار گروپ اور نیٹ سول کی ٹیمیں مد مقابل آئیں ۔سردار گروپ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئی208 رنز بنائے جبکہ جواب میں نیٹ سول کی ٹیم 99 رنز پر ہی ہمت ہار گئی ۔کرکٹ سینٹر ماڈل ٹائون میں بورڈ آف ریو نیو اور پیکچز کی ٹیمیں مد مقابل آئیں۔ایف بی آر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 158 رنز بنائے ،ہدف کے تعاقب میں بد میں میدان میں اترنے والی پیکجز کی ٹیم 155 رنز تک محدود رہی،فاتح ٹیم کے خلیل رسول کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اسی گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے سروسز انڈسٹریز کو پچھاڑ دیا ۔ ایف بی آر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 173 رنز اسکور کیے، جواب میں سروسز کی ٹیم صرف 95 رنز بنا سکی۔ ایف بی آر کے محمد علی نے بہترین آل رانڈ کارکردگی دکھا کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔