پنجگور کا دلخراش واقعہ نہ صرف خاندان کیلئے سانحہ بلکہ پورے بلوچستان کے امن کیلئے بڑا دھچکا ہے،حاجی علی مدد جتک

اتوار 19 اکتوبر 2025 20:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے پنجگور میں رکن بلوچستان اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پنجگور کا یہ دلخراش واقعہ نہ صرف ایک خاندان کے لیے سانحہ ہے بلکہ پورے بلوچستان کے امن کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی و قبائلی اختلافات کی بنیاد پر اس طرح کے قتل کے واقعات انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہیں۔ ایسے واقعات صوبے کے امن و استحکام کو کمزور کرنے کی گھناؤنی کوشش ہیں جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ حکومت بلوچستان، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دیں تاکہ آئندہ کوئی اس قسم کی حرکت کرنے کی جرات نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

حاجی علی مدد جتک نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کے لیے تمام سیاسی و قبائلی قیادت کو باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ نفرت، انتقام اور انتشار کی سیاست کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو سکے۔