یورپی یونین کا منجمد روسی اثاثوں کو استعمال کرنے کی تجویز پر غیر رسمی اتفاق

منگل 21 اکتوبر 2025 13:29

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2025ء) یورپی یونین نے منجمد روسی اثاثوں کو استعمال کرنے کی تجویز پر غیر رسمی طور پر اتفاق کر لیا ہے۔ امریکی میڈیا کمپنی پولیٹیکو کی رپورٹ کے مطابق اس سے متعلق ایک تجویز جمعرات کو یورپی کونسل کے اجلاس کے بعد پیش کی جا سکتی ہے۔قبل ازیں یونین کے رکن ملک بیلجیم نے اس تجویز کی مخالفت کی تھی تاہم اب اس نے بھی اس تجویز کی حمایت کر دی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیلجیم 23 اکتوبر کو یورپی سربراہان مملکت اور حکومت کے اجلاس میں اس حوالے سے ممکنہ فیصلے کی مخالفت نہیں کرے گا تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔ 10 ستمبر کو، یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا تھا کہ یورپی کمیشن روسی اثاثوں کو ضبط نہیں کرے گا، لیکن یوکرین کو بڑے پیمانے پر قرض فراہم کرنے کے لیے ان سے منسلک نقد رقم کا استعمال کرے گا۔

(جاری ہے)

روس کے زیادہ تر خودمختار اثاثے جو یورپ میں منجمد ہیں کا حجم 200 بلین یورو سے زیادہ ہے اور وہ بیلجیم میں یوروکلیئر پلیٹ فارم پر بلاک ہیں۔ قبل ازیں روسی صدر ولادیمیرپیوٹن نے خبردار کیا تھا کہ روسی اثاثوں کی ضبطی یا استعمل پر عالمی مالیاتی اور اقتصادی نظام تباہ ہو جائے گا۔ روسی صدر کے ترجمان دمتری پیسکوف نے خبر دار کیا تھا کہ روسی حکومت اپنے اثاثوں کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرےگی ،روس نے یہ بھی کہا ہے کہ خودمختار مالیاتی اثاثوں کو ضبط یا استعمال کرنے کی کوشش کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا،ان اثاثوں کی ضبطی یا ان کا استعمال دراصل چوری کے مترادف ہو گا اور اگر یورپی یونین اس منصوبے پر عمل درآمد کرتی ہے، تو ان کی باہمی یکجہتی کی تمام باتیں ختم ہو جائیں گی، اور وہ صرف اپنے نقصانات گننے پر مجبور ہوں گے۔

روس ایسی کسی بھی حرکت کو قانونی نہیں مانے گا اور ردعمل سخت اور متناسب ہوگا۔فروری 2022 میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد امریکا اور اس کے اتحادیوں نے روس کے مرکزی بینک اور اس کی وزارت خزانہ کے ساتھ لین دین پر پابندی لگا دی تھی اور روس کے 300 سے 350 ارب ڈالر کے خودمختار اثاثوں کو منجمد کر دیا تھا جن میں سے زیادہ تر یورپی، امریکی اور برطانوی حکومتوں کے بانڈز کی شکل میں تھے اور یورپی ڈیپازٹری میں رکھے گئے تھے۔