بین الاقوامی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا اوورسیز کے لئے عدالتیں بنانے پر شکریہ ادا کیا

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 27 اکتوبر 2025 15:29

بین الاقوامی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل  کا اوورسیز کے لئے  عدالتیں بنانے پر شکریہ ادا کیا ہے۔لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود بھٹی نے کہا کہ اوورسیز عدالتوں کا فیصلہ نوے روز میں ہونا چاہیے ۔ اوورسیز پاکستانی ملکی حالات سے ڈرے ہوئے ہیں۔

ہم لوگ بڑی محنت کر کے پاکستان پیسہ بھیجتے ہیں۔محمود بھٹی نے کہا کہ ڈی ایچ اے میں واقع ایک اسپتال کا مین شیئر ہولڈر ہوں ،جسے سی او بنایااسی نے قبضہ کر لیا۔ اسی اسپتال میں کیش پر کام ہو رہا ہے ایف بی آر ریکارڈ چیک کرے۔محمود بھٹی نے کہا کہ حکومت سے پوچھتا ہوں کہ میرے ساتھ یہ زیادتیاں کیوں ہورہی ہیں ۔
یتیم خانے  بنانے کے لئے زمین خریدی اس پر قبضہ ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

باہر سے آ کر کیس لڑ رہا ہوں ۔ غریبوں کے لئے کام کرنا چاہتا ہوں۔ 
محمود بھٹی نے کہا کہ ملک کا عدالتی نظام درست نہیں ہے ۔یہ افریقہ سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔ پاکستان نے مجھے عزت دی۔  
مجھے ایسے لگ رہا ہے کہ  ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز دے کر مجھے خوار کیا جارہا ہے۔ اگر میرےکیسز کے فیصلے نوے روز میں نہ کئے تو ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز واپس کر دوں گا۔ میری زندگی کو خطرہ ہے، مگر ڈرتا صرف اللہ تعالیٰ سے نہیں ہوں ۔
میرے  ہاسپٹل کا مسئلہ حل کیا جائے ۔اس ملک میں انصاف مل جائے تو حالات بدل سکتے ہیں ۔ اوورسیز پاکستانی ڈر گئے ہیں وہ پاکستان میں پیسہ نہیں بھیجیں گے۔ انصاف نہ ملا تو پیسہ لیکر باہر چلا جاؤں گا۔