وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا سابق وزیراعلی آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس

آفتاب میرانی دیانت دار، باوقار اور منکسر المزاج رہنما تھے، وزیراعلی سندھ کی آفتاب میرانی کے اہلِ خانہ، قیادت اور کارکنان سے اظہار تعزیت

ہفتہ 1 نومبر 2025 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق وزیراعلی سندھ آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آفتاب شعبان میرانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی تھے اور پاکستان پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ رہے۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مرحوم کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے مرحوم آفتاب میرانی کو دیانت دار، منکسر المزاج اور باوقار شخصیت قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ وزیراعلی سندھ نے مرحوم کے اہلِ خانہ، پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا پیغام دیا۔