گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کے اعزاز میں جام قائم علی شاہ کا عشائیہ

پیر 3 نومبر 2025 20:20

چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل کے اعزاز میں گزشتہ رات سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں جام قائم علی شاہ کی جانب سے عشائیہ دیا گیا جس میں پاکستان اور بیرون ملک سے معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں امریکی قونصل جنرل ، چینی قونصل جنرل، جرمن قونصل جنرل ڈپٹی برطانوی ہائی کمیشنر، امریکی ڈپٹی قونصل جنرل، چائنیز ڈپٹی قونصل جنرل، سابق گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی اور پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو نے شرکت کی۔

دریں اثناء معزز مہمانوں نے پورے خطے کی تازہ ترین سیاسی و معاشی صورتحال سمیت پاکستان کے موجودہ حالات اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بات چیت کی۔ اس موقع پر گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے اور میں اسے پاکستان کیلئے بہت بڑا اعزاز سمجھتا ہوں کہ ہم نے آج یہاں امریکہ، چائنا، برطانیہ اور جرمنی کے اہم سفارتی نمائندوں کو کامیابی کے ساتھ اکٹھا کیا ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع اور قدرتی وسائل و معدنیات کی کثرت پر روشنی ڈالتے ہوئے صوبے میں موجود منافع بخش سرمایہ کاری کے امکانات پر زور دیا اور حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ ان دستیاب سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ان قدرتی وسائل و معدنیات کو بروئے کار لانا ہم پورے خطے کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔