چوہدری سالک حسین نے ورکرز کو ائیرپورٹس پر آف لوڈ کے واقعات کا نوٹس لے لیا

بیرون ملک روزگار کیلئے جانے والے پاکستانی ہمارے لیے انتہائی قابل عزت ہیں، کسی کو ورکرز کو ائیرپورٹس پر غیر قانونی طور پر روکنے کی اجازت نہیں دیں گے،وفاقی وزیر

جمعرات 6 نومبر 2025 18:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2025ء) وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے ورکرز کو ائیرپورٹس پر آف لوڈ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہاہے کہ بیرون ملک روزگار کیلئے جانے والے پاکستانی ہمارے لیے انتہائی قابل عزت ہیں، کسی کو ورکرز کو ائیرپورٹس پر غیر قانونی طور پر روکنے کی اجازت نہیں دیں گے۔وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے ورکرز کو ائیرپورٹس پر آف لوڈ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی، وفاقی وزیر کو اجلاس میں مختلف ائیرپورٹس پر ورکرز کو آف لوڈ کرنے کے واقعات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ورک ویزا اور پروٹیکٹر سرٹیفکیٹ کے باوجود مختلف ائیرپورٹس پر ورکرز کو آف لوڈ کیا گیا، بیرون ملک روزگار کیلئے جانے والے پاکستانی ہمارے لیے انتہائی قابل عزت ہیں، کسی کو ورکرز کو ائیرپورٹس پر غیر قانونی طور پر روکنے کی اجازت نہیں دیں گے، اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کو چلانے کیلئے زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں، وفاقی وزیر نے ڈی جی ایف ائی اے کو ائیرپورٹس پر ورکرز کو آف لوڈ کرنے کا معاملہ فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ آئندہ کسی ورک ویزہ ہولڈر کو ائیرپورٹ پر آف لوڈ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار نے بتایا کہ لاہور اور کراچی ائیرپورٹ پر ورکرز کو آف لوڈ کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے جن کی تحقیقات جاری ہیں، اگر ایف آئی اے اہلکار ملوث پائے گئے تو سخت کاروائی کی جائے گی، ورک ویزا پر بیرون ملک جانے والوں کے لیے ایف آئی اے کی جانب سے کوئی نئی شرائط لاگو نہیں کی گئیں، نہ ہی سرکاری افسر سے بیان حلفی لینے کی کوئی نئی شرط عائد کی گئی، جلد نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرارہے ہیں جس کے ذریعے ورکرز روانگی سے قبل ہی اپنی امیگریشن آن لائن مکمل کرسکیں گے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ایف آئی اے حکام ایس او پیز تیار کر رہے ہیں، اجلاس میں سیکریٹری وزارت اوورسیز پاکستانی ندیم اسلم چوہدری اور پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی شرکت کی۔