خوشبوئوں اور محبتوں کی شاعرہ پروین شاکر کی 73ویں سالگرہ منائی گئی

ْپروین شاکر اردو شاعری میں ایک تازہ ہوا کے جھونکے کے مانند تھیںجنہیں کم عرصے میں شہرت ملی

پیر 24 نومبر 2025 11:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2025ء) اپنے لفظوں کے جادو سے ادبی فضاں کو سحر زدہ کر دینے والی خوشبوئوں اور محبتوں کی شاعرہ پروین شاکر کی 73ویں سالگرہ منائی گئی۔24 نومبر 1952 کو کراچی میں پیدا ہونے والی عظیم شاعرہ پروین شاکر شاعری کے افق پر ماہ تمام بن کر ابھریں، انہوں نے انگریزی ادب اور لسانیات کے علاوہ ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

(جاری ہے)

پروین شاکر کیلئے ایک انوکھا اعزاز یہ بھی تھا کہ جب وہ سی ایس ایس میں بیٹھیں تو امتحان میں ایک سوال انہی کی شاعری سے متعلق تھا۔پروین شاکر اردو شاعری میں ایک تازہ ہوا کے جھونکے کے مانند تھیں، انہیں بہت کم عرصے میں پاکستان اور بیرون ملک بے پناہ شہرت ملی، پروین شاکرنے زندگی کے تلخ و شیریں تجربات کو نہایت خوبصورتی سے لفظوں کے قالب میں ڈھال۔خوشبو، صد برگ، خود کلامی، انکار اور ماہِ تمام ان کے مشہور مجموعہ کلام ہیں، پروین شاکر کی پہلی کتاب خوشبو کو آدم جی ایوارڈ ملا، حکومت پاکستان نے پروین شاکر کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا۔